کوئٹہ(نیوزڈیسک) وفاقی و صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ گوادر کو صنعتی زون بنانے کیلئے چین کو رواں ماہ 2281 ایکڑ اراضی فراہم کر دی جائے گی۔پاک چین اکنامک کوریڈور نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ کی ترقی کیلئے بھی اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے گوادر پورٹ کو فنکشنل کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر سمیت صنعتی زون کیلئے اراضی بھی رواں ماہ کے ا?خر تک چین کے حوالے کر دی جائے گی۔ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کا کہنا ہے کہ گوادر کو صنعتی زون بنانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گوادر پورٹ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں فعال ہوا مگر اب بھی گوادر میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔حکومت بلوچستان کی جانب سے پاک چین اکنامک کوریڈور کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سیکریٹری ڈویلپمنٹ ذوالفقار درانی سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد چین کے دورے پر ہے جہاں پر وہ چین کے تجربہ کار ماہرین سے ملاقات کے علاوہ منصوبے کے بارے میں چینی حکام کو بریفنگ بھی دینگے۔