لاہور ( این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا بھی انسٹاگرام پر لڑکی کے نام سے ایک جعلی اکائونٹ موجود ہے۔ایک ٹی وی شو کے دوران محمد حسنین نے مداحوں سے متعلق دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنا بھی
ایک جعلی اکائونٹ ہونے کا انکشاف کر ڈالا۔محمد حسنین کا مداحوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر انہیں موصول ہونے والے پیغامات سے لگتا ہے کہ مردوں کی نسبت خواتین ان کی زیادہ مداح ہیں، سوشل میڈیا پر زیادہ تر انہیں خواتین کی جانب سے پیغامات موصول ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا بھی لڑکی کے نام سے ایک جعلی اکائونٹ ہے جو کہ انہوں نے اپنے دوست کو تنگ کرنے کے لیے بہت پہلے بنایا تھا۔محمد حسنین کا اس جعلی اکائونٹ سے متعلق مزید کہنا تھا کہ مجھے تو اب اس آئی ڈی کا نام بھی نہیں یاد، میں نے بہت پہلے یہ اکائونٹ بنایا تھا۔شو کے دوران 22سالہ محمد حسنین کا خود سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 12سال کی عمر میں ان میں کرکٹ کا شوق پیدا ہوا تھا، انہوں نے سب سے پہلے اس سے متعلق اپنے والد سے بات کی تھی انہیں کرکٹ اکیڈمی میں جانا ہے۔شو کے دوران محمد حسنین نے جہاز میں اپنے پہلے سفر سے متعلق چند دلچسپ یادیں بھی تازہ کیں۔