لاہور ( این این آئی)کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ایل ڈی اے کا ماحول دوست اقدام۔شہر لاہور میں روف ٹاپ گارڈننگ لازمی قرار دے دی گئی اورنئے قوانین نافذ کر دیے گئے، روف ٹاپ گارڈننگ کے لیے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2019 میں ترامیم کر دی گئی ہیں۔
کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ روف ٹاپ گارڈننگ کے فروغ کے لیے کارپوریٹ سوشل رسپانسبیلیٹی کے تحت بھی پرائیویٹ سیکٹر کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایل ڈی اے کے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز میں روف ٹاپ گارڈننگ کے لیے مختص 25 فیصد ایریا کو بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیاہے۔ایل ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ نے اس ضمن میں پبلک نوٹس جاری کر دیا ہے۔روف ٹاپ گارڈننگ کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہوگی۔شہری کمرشل و دیگر عمارتوں کے چھت پر باغبانی کریں گے،اس کے تحت سبزیاں اور پودے لگائے جاسکیں گے۔ ایل ڈی اے کے دائرہ کار میں تعمیر ہونے والی عمارتوں میں پندرہ روز کے اندر اس ضابطہ پر عملدرآمد کیا جائے گا۔روف ٹاپ گارڈننگ کے لیے جگہ مختص نہ کرنے اور گرینری نہ لگانے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔