کراچی (نیوزڈیسک) نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ معاہدہ مری کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی رواں سال دسمبر میں ہو گی ۔ نئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا انتخاب وزیر اعظم میاںمحمد نواز شریف کریں گے ۔ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے سربراہ ڈاکٹر اللہ نذر کے مارے جانے کی اطلاعات کے بارے میں حتمی تصدیق نہیں کر سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو قصر ناز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انجینئر حمید بلوچ ،فرحت پروین اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ میر حاصل بزنجو نے کہا کہ معاہدہ مری وزیر اعظم نواز شریف اور میرے درمیان ڈھائی برس قبل طے پایا تھا ۔ اس معاہدے کے مطابق ڈھائی سال نیشنل پارٹی اور ڈھائی سال مسلم لیگ (ن) کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کا منصب سنبھالنا تھا ۔ ڈھائی برس رواں سال دسمبر میںمکمل ہو رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے منصب کے حوالے سے اب وزیر اعظم فیصلہ کریں گے ۔ ہم دسمبر میں وزیر اعلیٰ کا منصب مسلم لیگ (ن) کے حوالے کر دیں گے ۔ ملک میں ممکنہ سیاسی بحران کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کی ناراضی اتنی زیادہ نہیں ہے کہ وفاقی حکومت رخصت ہو جائے اور ایسے حالات بھی نہیں ہیں کہ کوئی اور حکومت سنبھال لے یا مارشل لاءلگ جائے