لالہ موسیٰ(نیوزڈیسک)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایم کیوایم کے رہنما الطاف حسین کی گزشتہ روز کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روز روز کی بہتان تراشی اور غیر سنجیدہ جملے بازی الطاف حسین کو زیب نہیں دیتی۔ سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر کی طرف سے اسلام آباد میں جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ایم کیوایم کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کی ہے، وفاقی حکومت ہو یا سندھ حکومت ہم نے سب کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کی،آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایم کیوایم نے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ وعدہ خلافی کی اور دھوکہ دیا ہے، ہم نے ایم کیوایم کے ساتھ مذاکرات میں ہمیشہ دو شرائط رکھی ہیں، ایک یہ کہ سندھ کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوگی اور دوسری یہ کہ کراچی کو پرامن شہر بنانے کےلئے تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف آج بھی بڑا واضح ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دے گی،سابق صدر مملکت نے کہا کہ الطاف حسین کی منفی سیاست خود ایم کیوایم کےلئے بھی نقصان دہ ہوگی،ایم کیوایم قومی دھارے میں شامل ہوکرپاکستان اور سندھ کی ترقی وخوشحالی کےلئے کام کرے،آصف علی زرداری نے الطاف حسین کو مشورہ دیا کہ وہ آئے روز غیر ضروری گفتگو اور تقاریر سے پرہیز کریں۔ پاکستانی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے لندن سے دوبئی پہنچنے کے بعد ملک سے پارٹی کے مرکزی رہنماو¿ں کو طلب کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ ان کی مشاورت سے ملکی صورتحال کے بارے میں مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔ اس ضمن میں لالہ موسیٰ سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وسابق وفاقی وزیرچوہدری قمرزمان کائرہ کو آصف زرداری نے اہم مشاورت کیلئے دوبئی طلب کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق چوہدری قمرزمان کائرہ 7ستمبرسوموارکے روزدوبئی روانہ ہونگے،جہاں پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال ،پارٹی امور اور پنجاب ،سندھ میں بلدیاتی انتخابات ،پیپلزپارٹی کو پنجاب میں مزیدفعال بنانے کے حوالے سے انتہائی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے ن لیگ اورتحریک انصاف کابلدیاتی انتخابات میں مقابلہ کرنے کااہم فیصلہ کرلیاہے جبکہ ماہرین کے مطابق ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کی لڑائی سے کراچی اورسندھ میں سب سے زیادہ فائدہ پاکستان تحریک انصاف کوہوگااورعمران خان ان دنوں سندھ کے دورے پرہیں اورسندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے مہم چلارہے ہیں