لندن(نیوزڈیسک)اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم عمران فاروق قتل کیس میں محسن علی کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد واپس لندن پہنچ گئی ۔ آئندہ ہفتے کے بعد کیس میں مزید پیش رفت اور گرفتاریوں کا امکان ہے ۔عمران فاروق قتل کیس کے آفیسر انچارج کی سربراہی میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کے 5 اہل کاروں نے پاکستان میں محسن علی سے پوچھ گچھ کی اور اس کا بیان رکارڈ کیا۔ تفتیشی ٹیم واپس لندن پہنچ گئی ہے اور آئندہ ہفتے عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ سے ملاقات کرکے انہیں محسن علی،معظم قادری اورخالد شمیم سے کی گئی تفتیش سے آگاہ کرے گی ۔ تحقیقاتی ٹیم اپنی رپورٹ آئندہ ہفتے انسداد دہشت گردی یونٹ کے سربراہ رچرڈ والٹن کو پیش کرے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن علی کے بیان کی روشنی میں برطانیہ میں تفتیش کا دائرہ وسیع ہونے اور گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔