اسلام آباد(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملکی معاشی حالت انتہائی خراب ہے، پاکستان کا ڈیفالٹ رسک100فیصد سے اوپر جاچکا ہے۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہاکہ آج ایکسپورٹ18فیصد سے کم ہوگئی ہے جبکہ ہمارے دور میں 25فیصد سے اوپر تھی،
معاشی حالت انتہائی خراب ہے لیکن سب اچھا کا تاثر دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین عمران خان نے اسی لیے کہا تھا کہ ہمارے پاس آئینی اختیار ہے، عمران خان پر قوم کیلئے جدوجہد کرنے پر قاتلانہ حملہ تک ہوگیا ہے،معیشت کابیڑاغرق ہورہاہے اورحکومت کوکوئی فکرہی نہیں ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ جو شخص بھی پاکستان کی بہتری چاہتا ہے وہ فوری انتخابات کا مطالبہ کرتا ہے، گیلپ سروے میں 65فیصد عوام نے کہا کہ فوری انتخابات ہونے چاہئیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گیلپ سروے کے مطابق88فیصد عوام نے کہا ہے کہ ملک درست میں سمت نہیں جارہا،حکومت کولڈ شولڈر دے گی تو ہمارے پاس استعفوں کے علاوہ راستہ نہیں۔ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہاکہ حکومت مذاکرات کی تجویز پر جواب نہیں دیتی تو ہمارے پاس اسمبلیاں توڑنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،ان کو معیشت کی فکرنہیں بس ان کو اپنے کیسزکی فکر ہے جو بند کرارہے ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ ارشد شریف کیخلاف16ایف آئی آر درج ہوتی ہیں اسی لیے اسے بیرون ملک جانا پڑتا ہے، بیرون ملک جاکر بھی اسے وہاں شہید کردیا جاتا ہے، سمیع ابراہیم، ایاز امیر پر سرعام تشدد کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ بزرگ سینیٹر اعظم سواتی کو برہنہ کرکے ان پر بہیمانہ تشدد کیا جاتا ہے اور گھر والوں کو ویڈیوز بھیجی جاتی ہیں لیکن جب عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوتا ہے تو ایف آئی آر بھی درج نہیں کی جاتی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ جب سے یہ لوگ اقتدار میں آئے ہیں صرف ان کے کیسز بند ہوتے جارہے ہیں، آتے ہی ان کے کیسز کے بند ہونے کی بھرمار لگ گئی ہے،یہ لوگ پاکستان کو اس نہج تک لیجانا چاہتے ہیں کہ جہاں اسے کوئی اور نہ سنبھال سکے، ان لوگوں کا کیا جاناہے ان کی تو جائیدادیں اور بچے ملک سے باہر ہیں، یہ لوگ تو سزا بھی بیرون ملک کاٹتے ہیں کیونکہ بیمار ہوجاتے ہیں۔