لاہور (آن لائن) پنجاب کے باسیوں کے لیے بڑی خوشخبری! صوبہ بھر کی سبزی منڈیوں، دکانوں اور ریسٹورنٹس سے لیے گئے سبزی کے نمونے لیبارٹری سے پاس۔ تفصیلات کے مطابق انڈسٹریل ویسٹ سے اگی سبزیاں تلف کرنے کے بعد ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے نمونے لینے کا حکم دیا تھا۔
نمونے مختلف سبزی منڈیوں، دکانوں اور کھانے پینے کے پوائنٹس سے لیے گئے۔ سبزی میں آرسینک، کولی فارم، ای کولائی سمیت کیمیکلز اور جراثیموں کی چیکنگ کی گئی۔ کل 148 مقامات سے مختلف سبزیوں کے نمونے لیبارٹری بھجوائے گئے۔ تمام نمونوں کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی لیبارٹری میں چیک کیا گیا۔ کسی بھی جگہ کی سبزی میں کیمیکل یا جراثیم کی موجودگی نہ پائی گئی۔ چند سزیاں باسی ہونے کی وجہ سے لیبارٹری میں فیل ہوئیں لیکن کیمیکل پیرامیٹر پر سب پاس ہوئیں جو کہ قابل تعریف ہے۔ چند ہفتے قبل انڈسٹریل ویسٹ سے اگی سبزیوں کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ میں فیل ہوئے تھے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ عوام الناس تک پہنچنے والی خوراک کے معیار کی نگرانی پنجاب فوڈاتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انڈسٹریل ویسٹ سے اگی سبزیوں میں جراثیم اور آرسینک پایا گیا تھا جس کے بعد مہم شروع کی گئی۔ عوام سے گزارش ہے کہ ایسے عناصر کیخلاف فوڈ اتھارٹی کو مطلع کریں۔ کسی جگہ انڈسٹریل ویسٹ سے اگی سبزیاں دیکھیں تو 1223 پر اطلاع دیں۔