کراچی(نیوزڈیسک) آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے چاروں صوبائی حکومتوں سے آئل ٹینکرز پر سیلز ٹیکس فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ آئل ٹینکرز مالکان کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سیلز ٹیکس وصولی کے جبری اقدام پر ہڑتال کرنے پر مجبور ہوئے۔ آئل ٹینکرز پر پہلے ہی مختلف ٹیکسز ادا کر رہے ہیں ۔ ٹیکس کے خاتمے تک ایندھن کی سپلائی مکمل بند رہے گی- آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے اس اعلان کے بعد عوام میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی اورعوام گاڑیوں میں پٹرول بھروانے کے لئے سڑکوں پر نکل آئے جبکہ متعدد پٹرول پمپ مالکان نے اپنے پٹرول پمپ بند کردیئے ہیں۔ اس وقت بڑی تعداد میں عوام سڑکوں پر پٹرول کی قلت کے پیش نظر پٹرول کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔