اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر 15 دن بعد تبدیل ہوتی ہے، ہر 15 روز بعد مجھے نیند نہیں آتی کہیں پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھیں، کل ہم نے نئی قیمتیں جاری کرنی ہیں، وزیر اعظم نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال تک کہتے رہے،
مجھے پورا اختیار اور فیصلے خود کرتا ہوں اور اب کہہ رہے ہیں فیصلے نہیں کرنے دیے گئے۔ مولانا فضل الرحمان سے کہوں گا ایک اور نئی پھونک مار دیں مولانا صرف پھونک ہی ماریں گے تو مسائل حل ہو جائیں گے۔ ان خیالات کااظہا رانہوں نے ہفتہ کے روز مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے شاندارجیالے آج یہاں موجود ہیں، ان کی تالیوں نے نجانے کتنے محلات کی بنیادوں کوہلا کر رکھ دیا ہے، آج کی کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، آج کی کانفرنس عظیم محقق اور عالم دین کی شان میں ہو رہی ہے، علمائے کرام کی خدمات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہوں، مفتی محمود نے ملک وقوم کے لیے گرانقدرخدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ گالی کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں، سکھایا جا رہا ہے کہ ہر شریف آدمی کی بے عزتی کرنی ہے، نوجوانوں کی غلط تربیت کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نفرت اور انتشار کی سیاست ختم کریں گے، میرا دل گواہی دیتا ہے آپ ایسے نظام کو دفن کریں گے، اقتدار پھولوں کی سیج نہیں، کانٹوں سے بھرا سفر ہے، بہت مشکل حالات سے گزر کر آئے، ابھی بھی گزر رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ میں صدق دل سے کہتا ہوں کہ میں علماء کی جوتیوں میں بیٹھنے والا شخص ہوں۔مفتی صاحب کو ایک سادہ گاڑی میں دیکھا،یہی سادگی ان کی زندگی ان کا اوڑھنا بچھونا تھا۔
مفتی محمود نے قاسم العلوم میں ہزاروں بچوں کوتعلیم دی۔مفتی محمود نے سیاست میں تمام تر اختلافات کے باوجود کبھی ڈائیلاگ کے دروازے بند نہیں کیے تھے،آج سیاست نے کیا کروٹ بدلی ہے،آج گالی، گلوچ سے آغاز اور گالی، گلوچ سے اختتام کیا جاتا ہے،معاشرے کو تقسیم در تقسیم کر دیا گیا ہے، معاشرے کے اندر ایک ایسا گروہ جس کو شریف آدمی کی بے عزتی کرنا سکھایا جارہا ہے،
آپ کودیکھ کر کہہ رہا ہوں آپ ایسے راستے کو بند کریں گے، کچھ افراد معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مفتی محمود مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پریقین رکھتے تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ مخلوط حکومت نے اقتدارسنبھالا پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں والا سفر ہے، ہماری نیت صاف ہے مالک تمام راستہ بناتا ہے اور مشکلات دور ہوتی ہیں، اقتدارسنبھالا تو معیشت ہچکولے لے رہی تھی،
ایک شخص دن رات بدعائیں کر رہا تھا پاکستان دیوالیہ اور سری لنکا بن جائے،قوم کی دعاؤں اورمحنت سے وہ مرحلہ اچھے انداز سے طے کیا،ہم نے معیشت کو آگے بڑھانے کے لییاقدامات کیے،نوازشریف، اتحادیوں کی رہنمائی سے مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ اتحادیوں نے مجھے اپنا وزیراعظم چنا، یہ کیسے ممکن ہے مہنگائی کا بوجھ عوام پر لادوں، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی دھجیاں اڑائیں اور بوجھ اٹھانا پڑا۔وزیراعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر15دن بعد تبدیل ہوتی ہے، ہر پندرہ دن بعد مجھے نیند نہیں آتی پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھیں،
میں نے پھونک مارنے کی بات کی جادو ٹونے کی نہیں، کل ہم نے نئی قیمتیں جاری کرنی ہیں، مولانا سے کہوں گا ایک اور نئی پھونک مار دیں مولانا صرف پھونک ہی ماریں گے تو مسائل حل ہو جائیں گے، عمران خان جلسوں میں روزانہ ویڈیو دکھاتے ہیں، وہ جلسوں میں کیا کیا باتیں کرتے ہیں سمجھ نہیں آتی، کبھی کہتے ہیں میرے پاس پورا اختیار اور فیصلے خود کرتا ہوں، آج کل کہتے ہیں مجھے تو فیصلہ ہی نہیں کرنے دیا گیا تو پھر پونے چارسال کیا کرتے رہے، علما کو گواہ بنا کر کہتا ہوں ایسا جھوٹا شخص زندگی میں نہیں دیکھا، ہم سب انسان ہیں، غلطی کے پتلے ہیں، صبح سے لیکر سر سے لیکر پاؤں تک الزام لگاتا ہے، دن رات قوم، اداروں کے خلاف سازش کرنا اس سے بڑا فراڈیا دنیا میں پیدا نہیں ہوا۔