اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )نجی ٹی وی پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے کہا کہ عمران خان کے دباؤ کی وجہ سے اسٹیبلشمنٹ کو شریف فیملی کو مقابلہ پر لانے کی ضرورت پڑی ہے، ماضی میں اسی طرح اسٹیبلشمنٹ کو نواز شریف کو روکنے کیلئے
عمران خان کی ضرورت پڑی تھی، افسوس کی بات ہے ہمارے سیاستدان خود بیٹھ کر اپنے ایس او پیز طے نہیں کرسکے، مریم نواز ضمنی انتخابا ت میں عمران خان کی مقبولیت کا مقابلہ نہیں کرسکیں، عمران خان کے قوم پر طاری رومانس کو کاؤنٹر کرنے کیلئے اسٹیبلشمنٹ کے پاس نواز شریف کا آپشن بچا ہے، اس لیے اسٹیبلشمنٹ نواز شریف کو واپس لانے کی کوشش کرے گی۔پروگرام میں موجود رہنما ن لیگ ، طلال چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جس طرح رعایت دی جاتی رہی یہ سر پر چڑھ گئے تھے، عمران خان کو آئین و قانون کی بات سمجھ نہیں آتی، عمران خان کو اسی زبان میں جواب دینا پڑتا ہے جس میں وہ بات کرتے ہیں، فواد چوہدری جس ڈنڈے کی بات کررہے ہیں اسی کی وجہ سے فواد چوہدری کی آنکھیں باہر آئی ہوئی ہیں، عمران خان کی سیاست ہی ڈنڈے کی رہی ہے، یہ جس ڈنڈے سے ہانکے جاتے رہے آئندہ بھی اسی سے ہانکے جانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی والے جتنے بگڑچکے ہیں ان کا علاج ڈنڈا ہی ہے۔