کسی کو بنیادی آئینی حقوق سے غیر معینہ مدت تک محروم نہیں کیا جا سکتا،مریم نواز کا پاسپورٹ واپسی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
لاہور ( آن لائن )مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پاسپورٹ واپسی کے لیے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کر لیا،
امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے متفرق درخواست دائر کی گئی۔مریم نواز کی جانب سے درخواست میں مو قف اپنایا گیا ہے کہ
نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں پاسپورٹ قبضے میں رکھوایا، 4 سال گزرنے کے باوجود کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا گیا،
پاسپورٹ قبضے میں رکھنا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ کسی کو بنیادی ائینی حقوق سے
غیر معینہ مدت تک محروم نہیں کیا جا سکتا، کہیں فرار نہیں ہوں گی، ماں کو بستر مرگ پر چھوڑ کر پاکستان واپس آئی تھی،
نیب قانون میں ملزم کے بیرون ملک جانے پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔درخواست میں مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ7 کروڑ روپے
بھی سیکیورٹی کے لیے جمع کرا رکھے ہیں، چوہدری شوگر ملز کیس میں میرٹ پر ضمانت ملی تھی، ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔