اسلام آباد (این این آئی)توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان نے جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت مانگ لیا، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے 7 ستمبر تک کی مزید مہلت دے دی۔چیف الیکشن کمشنر اکندر سلطان راجا کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے جواب جمع کرانے کے لئے مزید وقت مانگ لیا ۔عمران خان کے وکیل کے معاون بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور جواب جمع کرنے کے لئے مزید ایک ہفتے مہلت دینے کی استدعا کی۔ معاون وکیل نے کہا عمران خان کے وکیل علی ظفر لاہور میں ہیں ان سے مشاورت نہیں ہوسکی اس لئے مزید وقت دیا جائے، کوشش ہوگی اگلی سماعت میں جواب جمع کرا دیا جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سارا کچھ تو ریکارڈ کا حصہ ہے اتنا وقت لگنا نہیں چاہیے، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے 7 ستمبر تک وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ الیکشن کمیشن کے باہر درخواست گزار محسن شاہنواز رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں عمران خان کو معلوم ہو کہ فیصلہ ان کے خلاف آئے گا وہاں سے وہ پچھلی گلی کا راستہ تلاش کر کے بھاگ جاتے ہیں۔ محسن شاہنواز نے کہاکہ توشہ خانہ سے گھڑیاں لینا اور پھر کم قیمت پر بیچ دینا بدیانتی اور کرپشن ہے۔