اسلام آباد(این این آئی)گوادر میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے خواتین پیش پیش ، پہلی بار گوادر کی خواتین نے اپنے گھروں سے باہر نکل کر اپنی مدد آپ کے تحت فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے۔گوادر پرو کے مطابق سیلاب کی پریشانیوں میں گوادر کی خواتین نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور بلوچستان میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے شدید متاثر غریب متاثرین کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔
گوادر کی رہائشی خواتین کمیونٹی نے فلڈریلیف کیمپس لگائے اور لوگوں سے سیلاب زدگان کے لیے زیادہ سے زیادہ عطیات دینے کو کہا۔ فلڈ ریلیف کیمپس نے عطیات اور انسانی امداد کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے کیونکہ پہلی بار گوادر کی خواتین نے اپنے گھروں سے باہر نکل کر اپنی مدد آپ کے تحت فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے۔گوادر پرو کے مطابق خواتین بالخصوص سماجی کارکنان، اساتذہ، ڈاکٹرز اور سرکاری ملازمین نے روزمرہ کی ضروری اشیاء، کپڑے، پانی کی بوتلیں اور خیمے جمع کئے۔ انہوں نے یہ عطیات تاجروں، مارکیٹرز، ٹریڈرز اور عام لوگوں سے وصول کیے۔ عطیہ دہندگان نے خواتین کے فلڈ سیلاب ریلیف کیمپس میں نقد رقم بھی دی۔ گوادر گرامر سکول کی طالبات نے بھی فلڈریلیف کیمپس میں اپنا مالیاتی حصہ ڈالا۔گوادر پرو کے مطابق ایک سکول کی طالبہ سدرہ بلوچ نے خواتین کے فلڈ ریلیف کیمپس کی تعریف کی اور کہا کہ یہ گوادر کی تمام خواتین کے لیے حوصلہ افزا ہے کہ وہ اپنا حصہ ڈالیں اور خود کو معاشرے کا ایک اہم حصہ ثابت کریں۔ گوادر پرو کے مطابق ایک نجی سکول کی ٹیچر ماہ نور فاطمہ نے کہا کہ خواتین کے فلڈ ریلیف کیمپس نے انسانی ہمدردی کے جذبے کوبھڑکایاہے اور امید ہے کہ ایسے مزید کیمپ جلد ہی منعقد کیے جائیں گے۔