کراچی(این این آئی)سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرنز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایک شخص کو اقتدار کا نشہ پاگل کر رہا ہے، وہ روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے۔بلاول ہائوس میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق سندھ کے صوبائی وزراء نے
آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال اور ملک کے سیاسی حالات پر بات چیت کی گئی۔آصف زرداری نے کہا کہ بارش کے باعث پورے ملک میں ہنگامی صورتحال ہے، چاروں صوبوں میں متاثرین کی نگاہیں ہماری طرف ہیں، ہمیں سیاست چھوڑ کر اپنے متاثرہ بہن بھائیوں پر توجہ دینی چاہیے۔عمران خان کا نام لئے بغیر سابق صدر مملکت نے کہا کہ ایک شخص کو اقتدار کا نشہ پاگل کر رہا ہے، یہ شخص ہر روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے، اسی فوج کے افسراورسپاہی دہشت گردوں سے جنگ لڑرہے ہیں.انہوں نے کہاکہ یہ شخص عدلیہ کی ایک خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دیتا ہے، کہتا ہے کہ مجھے گرفتار کرکے دکھائو، عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ کیا یہ شخص قانون سے بالاترہے۔سابق صدرمملکت نے کہا کہ کیا یہ شخص میرے،میاں نواز شریف، میری بہن اور مریم نواز کے خلاف ماروائے قانون انتقامی کاروائیاں کرسکتا ہے، کیایہ شخص ہر قانون کو روند سکتا ہے۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ اداروں اورحکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی پڑے گی ورنہ قانون، آئین اور ادارے اس شخص کی ہوس چڑھتے رہیں گے۔