اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نیکل شام سے عمران خان اور ان کی رہائش گاہ کی سکیورٹی واپس لے لی ہے۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان اور ان کی رہائش گاہ کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، یہ خلاف قانون ہے، مگر اس امپورٹڈ حکومت میں قانون کی کس کو پرواہ ہے۔شیریں مزاری نے کہا کہ قوم آگاہ رہے کہ سازشی عناصر کیسے عمران خان کی زندگی کیلئے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہاکہ عمران خان کی سکیورٹی واپس نہیں لی گئی، عمران خان کے ساتھ اور ان کی رہائش گاہ پر جتنی نفری تعینات تھی وہ موجود ہے۔
ترجمان نے بتایاکہ عمران خان کی سکیورٹی واپس لیے جانے سے متعلق پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات میں صداقت نہیں ہے۔بیان میں کہاگیاکہ اسلام آباد پولیس سکیورٹی واپس لینے کے متعلق جھوٹے پراپیگنڈے کی مذمت کرتی ہے۔
ترجمان نے کہاکہ چند افراد کی طرف سے ایک جھوٹی مہم جاری ہے،عوام سے گزارش ہے کہ کسی بھی خبر کو بغیر تصدیق کے شیئر نہ کریں۔