کراچی (آن لائن)انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالرکی قدر میں کمی کا رجحان برقرار ہے،جمعہ کو ڈالر کی قدر تقریبا2روپے تک گھٹ گئی ۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق ملک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ مسلسل نویں روز بھی جاری رہا
تاہم سیاسی محاذ پر کوئی بھی منفی خبر روپے کی دوبارہ گراوٹ کا باعث بن سکتی ہے۔فاریکس ڈیلرز کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بڑی حد تک بینکوں کی طرف سے کی جانے والی قیاس آرائیوں اور ڈالر کی خرید و فروخت کی شرح کے درمیان بڑے فرق کو کنٹرول کرنے کی وجہ سے روپے کی قدر میں بہتر ی آ رہی ہے۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالرکی قدر میں1.30روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت فروخت217روپے سے گھٹ کر215.70روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 2روپے کی کمی سے ڈالرکی قیمت فروخت214.50روپے سے کم ہو کر212.50روپے پر آ گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں4روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یوروکی قیمت فروخت224روپے سے کم ہو کر220روپے ہو گئی اسی طرح 5روپے کی نمایاں کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 263روپے سے گھٹ کر258روپے پر آ گئی ۔