اسلام آباد (آن لائن)نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے بہادر سپوت میجر طفیل محمد شہید کا64واں یوم شہادت 7اگست اتوار کو منایا جائے گا۔ملک کے مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔میجر طفیل شہید 22 جولائی 1914ء کو
پنجاب کے شہر ہوشیار پور میں پیدا ہوئے۔انہوں نے1943ء میں پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور 1947ء میں جب وہ میجر کے عہدے پر پہنچے تو پورے خاندان کے ہمراہ پاکستان آ گئے اور یہاں فوج میں خدمات سرانجام دینے لگے۔اگست1958ء میں انہیں لکشمی پور میں مورچہ بند چند بھارتی دستوں کا صفایا کرنے کا مشن سونپا گیا۔میجر طفیل محمد نے دشمن پر چوکی کے عقب میں پہنچ کر حملہ کیا، دشمن کی جوابی فائرنگ سے میجر طفیل زخمی ہو گئے، تاہم وہ آگے بڑھتے رہے اور دستی بم پھینک کر دشمن کی مشین گن کو ناکارہ بنا دیا۔جلد ہی دشمن سے دست بدست مقابلہ شروع ہو گیا بالآخر بھارتی فوج اپنے پیچھے چار لاشیں اور تین قیدی چھوڑ کر فرار ہو گئی۔7اگست1958ء کومیجر طفیل محمد شہید نے گھمسان کی جنگ کے بعد اسی دن ملک کی حفاظت کرتے ہوئے جان دے کر شہادت کا درجہ حاصل کیا۔ میجر طفیل محمد شہید کی لازوال قربانی کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔