راولپنڈی (آن لائن) افواجِ پاکستان کا کہناہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہداء اور اْن کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء فیملیز اور افواج ِ پاکستان
کے رینک اینڈ فائل میں شدید غم وغصہ اور اضطراب ہے۔ اس مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی۔ لیکن کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ او ر توہین آمیز مہم جوئی کی گئی۔ یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابلِ مذمت ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان کیخلاف اس سوشل میڈیا مہم میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ منفی سوشل میڈیا مہم میں گرفتار ہونیوالے محمد منیب کیانی نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں پی ٹی آئی (آئی ایس ایف ونگ) کا ڈپٹی کنونئیر رہا ہوں۔میں نے گزشتہ روز دو ٹوئٹس کئے،ایک ٹوئٹ میں نے خود کیا جبکہ ایک ٹوئٹ کاپی پیسٹ کیا۔میں نے وہ ٹوئٹ مٹادیا، مجھ سے بہت بڑی غلطی ہوئی ہے میں نے وہ ٹوئٹ کسی سے متاثر ہوکر کیا تھا۔منیب کیانی نے کہا سولجر سپیکس پیج، عظمی خان خان پی ٹی آئی،عمران ریاض پیج،ایک سبینہ کیانی پیج سے انفارمیشن لے کر میں نے یہ ٹوئٹ کیا۔یہ میری غلطی تھی اس میں کوئی حقیقت نہیں تھی ۔منیب کیانی کے والد فرخ نعیم کیانی نے کہا کہ انکے بیٹے نے ایک قابل اعتراض ٹوئٹ کیا میں اس کو بروقت چیک نہیں کرسکا اس چیز کی گواہی دیتا ہوں کہ آئندہ اس سے دور رہیں گے اور میں اپنے بیٹے کی سرگرمیوں پر نظر رکھوں گا انہوں نے کہا ہم محب وطن لوگ ہیں آرمی کا خون ہماری رگوں میں شامل ہے،ہم فوج کا دل و جان سے احترام کرتے ہیں،میرے بیٹے سے غلطی ہوئی ہے اس پر معذرت خوا ہ ہوں اور یقین دہانی کراتا ہوں کہ وہ آئندہ اس قسم کی غلطی نہیں کرونگا،پاک فوج زندہ باد۔