ریاض(این این آئی )28 سعودی ڈاکٹروں پرمشتمل ٹیم نے دارالحکومت الریاض کے ایک اسپتال میں پانچ گھنٹے کی سرجری کے یعد یمنی سیامی جڑواں بچیوں کو کامیابی سے الگ کر دیا ۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مودہ اور رحمہ کو بغیرکسی پیچیدگی کے الگ کیا گیا ہے
اور ان کی صحت کی حالت بہت اچھی ہے۔سرجری کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ بن عبدالعزیزالربیعہ نے بتایا کہ سعودی عرب میں یہ دھڑیا سرسے جڑے ہوئے بچوں کا 52 واں کامیاب آپریشن ہے۔ان میں سیامی جڑواں بچوں کو مملکت میں کامیابی سے الگ کیا گیا ہے۔جڑواں بچوں کے والد حذیفہ نعمان نے ایسی انسانی کوششوں کی سرپرستی کرنے پرسعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔انھوں نے بچوں کی علیحدگی کے لیے آپریشن کرنے والی طبی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔یہ دونوں بچیاں سینے اور پیٹ کے نچلے حصے سے باہم جڑی ہوئی پیدا ہوئی تھیں۔اس طرح دھڑے سے جڑے جڑواں بچوں کی پیدائش بہت ہی نادرواقعہ ہے۔ایک اندازے کے مطابق ہر49,000 سے 189,000 تک بچوں میں سے کوئی ایک اس طرح جڑواں جوڑا پیدا ہوتا ہے کہ جن کا سینہ یا پیٹ آپس میں جڑا ہوتا ہے۔