اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈپٹی کمشنر و رجسٹرار کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز عرفان نواز میمن کا بڑا اقدام ،اسلام آباد میں رجسٹرڈ 14ہائوسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخ کر دی ،ان ہائوسنگ سوسائٹیز کے پراجیکٹ اسلام آباد اور سی ڈی اے کے حدود سے باہر تھے۔
جس پر ان ہائوسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہے ،ان ہائوسنگ سوسائٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جس جس صوبے کی حدود میں انکے پراجیکٹ ہیں ، وہاں پر رجسٹرڈ ہوں اور انکے قوانین پر عملدرآمد کریں۔ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں ان ہائوسنگ سوسائٹیز کے پراجیکٹ نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کا وزٹ کرنے بھی ممکن نہیں ،ان ہائوسنگ سوسائٹیز کو اسلام آباد کا نام استعمال کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ رجسٹرار کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کی طرف سے جن سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہے ، ان میں ویٹریننزکوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ، واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ، او جی ڈی سی آفیسرز، فارن آفس ایمپلائز ، ورک نو ورڈ ، منسٹری آف کامرس ایمپلائز ، پاکستان ایمپلائز ، پی اے سی ، پی ڈبلیو ڈی، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن،او جی ڈی سی ایمپلائز ، فیڈرل شریعت کورٹ، پاکستانی پروفیشنلز، انجنئیرنگ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی شامل ہیں۔