اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کے سیکریٹری ڈاکٹر سید توقیر شاہ نے سیکریٹریوں اور ججوں کو کم ترین قیمت پر سرکاری پلاٹ دینے کی پالیسی کے تحت اسلام آباد میں رہائشی پلاٹ لینے سے انکار کر دیا ہے ۔ روزنامہ جنگ میں انصار عباسی کی شائع
خبر کے مطابق سویلین بیوروکریسی میں حال ہی میں ہونے والی ترقیوں میں اعلیٰ ترین ترقی ملنے کے بعد توقیر شاہ نے باضابطہ طور پر سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ان کے پاس پہلے ہی اسلام آباد میں ایک گھر اور جائیداد ہے لہٰذا 22؍ گریڈ کے افسران کو پلاٹ دینے کی خاطر ان کے (توقیر شاہ) کے نام پر غور نہ کیا جائے۔ سویلین بیوروکریسی میں ایسا بہت کم ہوا ہے۔ تاہم، سپریم کورٹ کے معاملے میں کچھ استثنیٰ ہے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تمام ججوں نے بھی ارزاں قیمتوں پر سرکاری پلاٹ لینے سے انکار کر دیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تاریخی فیصلے کے بعد ججوں، بیوروکریٹس، صحافیوں اور دیگر با اثر افراد کو رہائشی پلاٹ دینے کی انتہائی متنازع پالیسی پر پی ٹی آئی حکومت میں نظرثانی کی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے قرار دیا تھا کہ سینئر ججوں، بیوروکریٹس اور دیگر افراد کو سبسڈی پر (کم قیمت میں) رہائشی پلاٹس دینا غیر قانونی ہے۔