اسلام آباد ( آن لائن ) سینئر صحافی عمران ریاض خان جنہیں گزشتہ شب اسلام آباد ٹول پلازہ سے گرفتار کیا گیا انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں اپنی گرفتاری کا ساراملبہ بریگیڈئیر راشد پر ڈال دیا۔عمران ریاض نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زیاد ہ
آپ کیا کرینگے میرے ساتھ ، گاڑی آپ نے چھین لی ، ہتھیار آپ نے میرے چھین لئے ، کوئی 20ایف آئی آر میرے اوپر کرادیں ، یہ گرفتار ی والا تجربہ کرنا ہے تو یہ بھی کر کے دیکھ لو،یاد رہے کہ گزشتہ شب عمران ریاض خان کو اٹک پولیس نے گرفتار کیا اور ان کی گرفتاری کے وقت پندرہ ایس ایچ اوز موجود تھے۔عمران ریاض خان کے وکیل میاں علی اشفاق نے سینئر صحافی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ عمران ریا ض خان کے ساتھ پشاور کے صحافی بھی موجود تھے جب انہیں گرفتار کیا گیا تو وہ موبائل پر میرے ساتھ رابطے میں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا واضح حکم ہے عمران ریاض کو گرفتارنہیں کیا جاسکتاعمران ریاض کی گرفتاری کی ٹوئٹ بھی کی جس کو ٹوئٹرنے ہٹا دیا۔عمران ریاض کے وکیل نے بتایا کہ سینئر صحافی کی گرفتاری پر توہین عدالت کی کارروائی کریں گے یہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم ہے اجازت کے بغیر کسی صحافی کو گرفتارنہیں کیا جائے گا۔وکیل نے بتایا کہ عمران ریاض خان کے خلاف اب تک 30 سے زائد جعلی ایف آئی آر درج کی گئیں ان تمام ایف آئی آر کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ گئے عدالت نے ضمانت دی۔