اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور آزاد کشمیر میں پری مون سون کا سلسلہ شروع ہوگیا، راولپنڈی اسلام آباد میں وقفے وقفے سے تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا،راولپنڈی کی نشیبی آبادی لالہ زار میں برساتی پانی جمع ہونے سے چار گاڑیاں ڈوب گئیں۔
کرک میں بارش اور ڑالہ باری ہوئی ،سوات میں بھی بادل برسے۔گجرات اور گردو نواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بنوں اور مردان میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔اسکردو شہر اور گرد ونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم سرد ہوگیا، بارش کے باعث کراچی سے جانے والی پرواز لینڈ نہ کرسکی، دو پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ادھر بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارشوں سے سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی ہے۔بارکھان میں عیشانی باڈیانی ڈیم اوور فلو ہوگیا، ڈیرہ بگٹی کے بازار میں بارش کا پانی جمع ہونے سے گاڑیاں ڈوب گئیں۔موسیٰ خیل میں بارشوں کے بعد سیلابی منظر ہے، بارکھان کی گلیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں ،پانی کا بہائو تیز ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔شیرانی کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث برساتی نالے بپھرنے سے خیبر پختونخوا کے ساتھ رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔سوناری پْل بہہ جانے سے کوہلو، کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی شاہراہ بند ہوگئی ، مشرقی بلوچستان کے برساتی نالوں میں سیلابی ریلے لسبیلہ کی جانب بڑھنے لگے ہیں۔