اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) روزنامہ جنگ میں قاسم عباسی کی خبر کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ توشہ خانہ کے حوالے سے نئی پالیسی تیار کی جارہی ہے جسے ایک ماہ میں متعارف کرادیا جائےگا جس کے بعد تحائف اور اس کے وصول کنندگان سے متعلق ہر چیز عام لوگوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ رابطہ کرنے پر وفاقی کابینہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وضاحت کی کہ حکام توشہ خانہ کے حوالے سے نئی پالیسی لانے والے ہیں جس سے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ حکومت پاکستان نے حال ہی میں ایک درخواست گزار کو توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق معلومات تک رسائی سے یہ دعویٰ کرتے ہوئے انکار کر دیا کہ درخواست کردہ تفصیل خفیہ ہے۔ گزشتہ ماہ 28اپریل کو حکومت پاکستان نے 1947 سے پاکستان کی اعلیٰ قیادتوں کو ملنے والے تحائف سے متعلق معلومات کے افشاء سے متعلق درخواست کے جواب میں ایک خط جاری کیاتھا۔