لاہو ر(این این آئی) لاہور ہائی کورٹ کے تیسرے بینچ نے بھی مریم نواز کے عمرہ پر جانے کی درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی عمرے پر جانے کیلئے پاسپورٹ واپسی
کی درخواست پر سماعت کی۔نیب پراسکیوٹر فیصل بخاری نے مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کیخلاف سپریم کورٹ میں کیس اور نیب حملہ کیس بھی زیر التوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مقدمات میں ملوث مریم نواز کے علاوہ تمام ملزمان بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں، مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر ہے، لہذا ان کی درخواست مسترد کی جائے۔جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی جس کے نتیجے میں دو رکنی بنچ تحلیل ہوگیا اور کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی۔چیف جسٹس نے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل نیا دو رکنی بنچ تشکیل دیدیا جس نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی، تو جسٹس اسجد جاوید گھرال نے بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے معذرت کرلی، جس کے نتیجے میں اس درخواست پر تیسرا بنچ بھی تحلیل ہوگیا اور فائل دوبارہ چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی۔واضح رہے کہ اس درخواست پر ہائی کورٹ کا پہلے 21 اپریل کو ایک بنچ تحلیل ہوا تھا۔