تل ابیب /قاہرہ(این این آئی)عرب لیگ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصی میں یہودیوں کو عبادت سے روکے،عرب لیگ نے متنبہ کیا ہے کہ ایسے اقدام سے مسلمانوں کے جذبات کی کھلی تضحیک ہوتی ہے، جس سے وسیع تر تنازع پیدا ہو سکتا ہے
جبکہ اسرائیل نے کہاہے کہ وہ مسجد اقصی کے احاطے میں یہودیوں کی عبادت پر پابندی کو نافذ کر رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب لیگ نے اپنے ایک بیان میں متنبہ کیا کہ مسلمانوں کی مقدس عبادت گاہ حرم الشریف کے اندر اسرائیل مسلمانوں کو تو نماز ادا کرنے سے روک رہا ہے اور یہودیوں کو اس کی اجازت دی جا رہی ہے۔ لیگ نے اسرائیل پر صورت حال کو تبدیل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی قرار دیا۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس کے رد عمل میں کہا کہ متنازع مقام پر یہودیوں کی عبادت پر جو دیرینہ پابندی عائد ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور حکام اس پر عمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان لیور ہیات نے کہاکہ اسرائیل نے اس صورت حال کو برقرار رکھا ہوا ہے، جس کے تحت وہاں مسلمانوں کو نماز کی آزادی ہے اور غیر مسلموں کو وہاں آنے جانے کا حق حاصل ہے۔ وہاں یہودیوں کے عبادت کرنے پر جو پابندی عائد ہے، پولیس اس کو نافذ کرتی ہے۔