کراچی(این این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان کے سیکیورٹی اسٹاف نے کراچی ائیرپورٹ پر ڈی ایس پی کو وردی سے پکڑ کر دھکے دئیے اور بد کلامی کا نشانہ بنایا۔ذرائع کے مطابق عمران خان جیسے ہی گاڑی میں بیٹھے ڈی ایس پی خالد کو سیکورٹی اسٹاف نے دھکے دینا شروع کیے،
اسکواڈ کے وی وی آئی پی لابی سے نکلنے تک سیکورٹی اسٹاف ڈی ایس پی ائیرپورٹ خالد کو دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے سیکیورٹی اسٹاف کے رکن نے ڈی ایس پی ائیرپورٹ خالد کو وردی سے پکڑ کر دھکے دیئے۔عمران خان نے سیکیورٹی اسٹاف ڈی ایس پی خالد کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ تجھے نہیں چھوڑوں گا۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان خصوصی طیارے میں اسلام آباد سے کراچی پہنچے۔ایوی ایشن ذرائع نے بتایاکہ سابق وزیراعظم کے چارٹرڈ طیارے نے کراچی ایئر پورٹ کے ٹرمینل پر لینڈ کیا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں نے عمران خان کا ٹرمینل ون پر استقبال کیا۔عمران خان کا کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کرنے کے لیے تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت موجود تھی۔سابق وزیراعظم عمران خان کو خصوصی انتظامات کے تحت گورنر ہائوس کراچی لایا گیا۔سندھ رینجرز اور کراچی پولیس کی جانب سے بھی سابق وزیراعظم کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔گورنر ہائوس میں اجلاس کے بعد عمران خان جناح گرائونڈ کے جلسے میں پہنچے۔