اسلام آباد (آن لائن )حکومت گرانے کی مبینہ عالمی سازش کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کی درخواست رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر واپس کردی۔ رجسٹرار آفس نے کمیشن بنانے کی درخواست پر 6 اعتراضات عائد کیے ہیں۔رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ درخواست میں مفروضوں پرمبنی متضاد استدعا کی گئی ہے، آئین کے آرٹیکل 69 کے تحت پارلیمانی کارروائی کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا، درخواست گذار نے پہلے سے موجود کسی مناسب فورم پر رجوع نہیں کیا ہے۔رجسٹرار آفس کے مطابق نوٹس قانون کے مطابق نہیں،نہ یہ بتایا گیا کہ کس مقصد کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے، آئین کے آرٹیکل 184/3کے اختیار سماعت کے لیے مندرجات اطمینان بخش نہیں ہیں، درخواست گذار نہیں بتاسکا کہ کون سے سوالات عوامی مفاد میں اور کون سا بنیادی حق مجروح ہوا ہے۔خیال رہے کہ یہ درخواست نعیم الحسن ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔