لاہور( این این آئی)پنجاب میں حکومت سازی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے ناراض دھڑوں کے درمیان باہمی رابطہ ہوا ہے ، تینوں گروپوں نے تین رکنی سیاسی کمیٹی بنادی جو تین روز میں فیصلے کر کے قیادت کو آگاہ کرے گی ، جہانگیر ترین اور غضنفر چھینہ کے
درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہو اہے ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چھینہ گروپ، علیم خان گروپ اور جہانگیر ترین گروپ کے رہنمائوں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔غیر رسمی مشاورت میں اپنی اپنی تجاویز بھی سامنے رکھی گئیں۔ذرائع کے رابطے کے دوران تینوں دھڑوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے مشترکہ فیصلہ کرنے پر ایک دوسرے کو قائل کرنے کی کوشش بھی کی گئی اورتمام گروپس کے درمیان آپس میں مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔تینوں گروپوں نے عون چوہدری، غضنفر چھینہ اور خالدپر مشتمل تین رکنی سیاسی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے جو فیصلے کر کے تین روز میں قیادت کو آگاہ کرے گی کہ مستقبل میں کس کے ساتھ چلنا ہے ۔ مزید بتایا گیاہے کہ جہانگیر ترین اور غضنفر چھینہ کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تینوں گروپوں کا الگ الگ اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا ۔