واشنگٹن(این این آئی)مشرقِ اوسط میں امریکا کی افواج کے اعلی جنرل نے اس یقین کا اظہار کیاہے کہ مصرکو ایف 15 لڑاکا طیارے مہیا کیے جائیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل فرینک میکنزی نے کانگریس کی سماعت کے
دوران میں کہا کہ میرے خیال میں ہمارے پاس اچھی خبر ہے اور ہم انھیں (مصرکو)ایف 15 مہیاکرنے جا رہے ہیں۔یہ ایک طویل اور صبرآزماعرصے کے بعد اقدام ہے۔جنرل میکنزی نے مصر کو طیارے دینے کے وقت کے بارے میں تفصیل فراہم نہیں کی یا بوئنگ کے تیارکردہ کتنے ایف 15 طیارے مہیا کیے جائیں گے۔گذشتہ ماہ میکنزی نے مصر کوبہت مضبوط فوجی امداد دینے پر زوردیا تھا۔انھوں نے تب مصرکو دی جانے والی فوجی امداد میں 13کروڑ ڈالر کی کٹوتی کے فیصلے کے تناظرمیں قاہرہ کا دورہ کیا تھا۔صدرجو بائیڈن کی انتظامیہ نے انسانی حقوق سے متعلق خدشات کے پیش نظر مصرکو دی جانے والی سالانہ امداد میں سے یہ رقم روک لی تھی۔