لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایسی حکومت کا کیا فائدہ جس میں اپنے ہی اراکین کو نااہلی اور گھیراؤکی دھمکیاں دے کر زبردستی ساتھ رکھنے کی سر توڑ کوششوں کے باوجود ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو،چوہدری تنویر کو کراچی میں
غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا، وہ دل کے شدید عارضے میں مبتلا ہیں لیکن انہیں ادویات بھی پہنچانے نہیں دی جارہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ایسی حکومت کا کیا فائدہ جہاں اتحادیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بعد بھی آپ پسپا ہو رہے ہوں؟،یہ حکومت نہیں ذلت ہے، شرمندگی ہے۔ مریم نواز نے مزید لکھا کہ اے طائرِ لاہوتی،اس رزق سے موت اچھی، جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی،مگر یہ عزت والے انسان کے لیے ہے، آپ کے لیے نہیں۔مریم نواز نے پارٹی رہنما چوہدری تنویر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری تنویر کو کراچی میں غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا، وہ دل کے شدید عارضے میں مبتلا ہیں لیکن انہیں ادویات بھی پہنچانے نہیں دی جارہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری تنویر کو پہلے غیر قانونی طو رپر حراست میں لیا گیا پھر انہیں بغیر راہداری ریمانڈ کراچی سے لاہور لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری تنویر دل کے شدید عارضے میں مبتلا ہیں اور اس کی ادویات لے رہے ہیں۔ ان کے اہل خانہ کو ادویات پہنچانے کی بھی رسائی نہیں دی جارہی، کیا یہ شرم کی بات نہیں۔