لاہور( این این آئی )فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک بار پھر قومی ائیرلائنز کے اکانٹس منجمدکر دئیے۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے کارروائی ڈھائی ارب روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کی۔ پی آئی اے پر فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کی مد میں 18- 2017 کے
واجبات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اکائونٹس منجمد ہونے سے پی آئی اے کا آپریشن متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔پی آئی اے ترجمان نے اکائونٹس منجمد ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ کے فیصلے کے تحت پی آئی اے پر عائد واجبات منجمد ہیں، وفاقی کابینہ نے پی آئی اے پر عائد پی ایس او، سی اے اے اور ایف بی آر کے پرانے واجبات منجمدکردئیے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے واجبات پی آئی اے بزنس پلان کی منظوری اور بیلنس شیٹ کی ری اسٹرکچرنگ تک منجمدکیے ہیں، امید ہے کہ ایف بی آر پی آئی اے کے اکائونٹس جلد بحال کردے گا۔واجبات کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر نے پہلے بھی پی آئی اے کے اکانٹس منجمد کیے تھے، تاہم سی ای او پی آئی اے کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ سے درخواست کے بعد اکائونٹس بحال ہوگئے تھے۔