لاہور (آن لائن) وزیراعلی معائنہ ٹیم نے دریائے راوی پر نئے پل کی تعمیر پر آنے والے اخراجات سمیت دیگر امور کی تحقیقات کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق رپورٹ میں اس امر کا انکشاف کیا گیا ہے کہ دریائے راوی پر تعمیر کئے جانے والے نئے پل پر ایک ارب 21 کروڑ روپے خرچ کئے گئے تاہم پل کی تعمیر کے لئے شہریوں سے حاصل کی جانے والی اراضی کی نشاندہی اور اراضی کی خریداری پر خرچ ہونے والی رقم کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق نئے راوی برج کی تعمیر منظور شدہ پلان سے ہٹ کر کی گئی رپورٹ میں پنجاب حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ منصوبے میں پائی جانے والی مالی بے ضابطگیوں کے باعث محکمہ ہائی وے پنجاب کے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ رپورٹ میں راوی پل کے نئے برج کی غیر ضروری تعیمرات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔