واشنگٹن(این این آئی)امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے روس پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ روس اپنے مفادات کے لئے عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔روس پر جلد ہی پابندی کی دوسری قسط بھی جاری کی جائے گی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق جو بائیڈن نے اپنے ٹی وی بیان میں کہا کہ روس کے خلاف پابندی کی پہلی قسط کے طور پر دو بینکوں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا۔جو بائیڈن نے کہا کہ روس صدر کے بیان کے بعد اب عملی اقدامات کا وقت آ گیا ہے اور ہم سب مل کر روسی حکومت کو اس کے خودمختار قرضے کے لئے مغربی فنانسنگ کو مکمل طور پر روک دیں گے۔صدارتی محل وائٹ ہائو س سے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پیوٹن کی تقریر پر سخت تنقید کی اور کہا کہ امریکی خدشات بالکل درست ثابت ہوئے۔جو بائیڈن نے کہا کہ روسی صدر کو یورپ کی سلامتی سے کوئی سروکار نہیں ہے، روس اپنے مفادات کے لئے عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔جو بائیڈن نے کہا ہے کہ جلد ہی پابندی کی دوسری قسط بھی جاری کی جائے گی۔