اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں مسلم لیگ (ق) کے رکن اسمبلی وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کالا باغ ڈیم سے متعلق تجویز پیش کی تاہم وزرا نے مخالف کردی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی
و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے کالا باغ ڈیم منصوبے کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھا اور وزیراعظم کو تجویز دی کہ کالاباغ ڈیم پر کابینہ کمیٹی بنائی جائے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا نے کالا باغ ڈیم کے بارے میں مونس الٰہی کی تجویز کی مخالفت کی اور کہا کہ سندھ میں انتخابات ہونے جارہے ہیں، کالا باغ ڈیم پر پہلے ہی مخالفت ہے اور کالا باغ ڈیم پر کمیٹی بنانے کا مناسب وقت نہیں ہے۔رائع کے مطابق وزیر اعظم کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کے معاملے پر وزرا بول پڑے اور عمران خان کے خلاف غیر مناسب ٹرینڈ پر وفاقی وزیراعجاز شاہ آبدیدہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق اعجاز شاہ نے کہا غیرمناسب ٹرینڈ سے متعلق سوشل میڈیا دیکھ کر دکھ ہوا، آئی بی کا سربراہ رہا کبھی منتخب وزیراعظم کے خلاف ایسی مہم نہیں دیکھی۔اعجاز شاہ نے کہاکہ وزیراعظم اورفیملی پر ذاتی حملے کسی تہذیب یافتہ معاشرے کے عکاس نہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا نے بھی سوشل میڈیا پر جاری مہم پر تشویش کا اظہار کیا اور رائے دی کہ سوشل میڈیا کے سخت قوانین ہونا چاہیے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے بھی سوشل میڈیا پر غیرمناسب ٹرینڈ پر ناراضی کا اظہار کیا اور غیرمناسب ٹرینڈ کی روک تھام کی ہدایت کی۔