اسلام آباد (این این آئی) جے یو آئی (ف) نے بھارت میں جرات مند لڑکی سے اظہار یکجہتی کیلئے جے یو آئی نے آئندہ جمعہ کو بطور یوم حجاب منانے کا اعلان کردیا ۔میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے آئندہ جمعہ کو یوم حجاب منانے کا اعلان کیا ہے اور کہاکہ باحجاب خواتین اگلے جمعہ کو احتجاج میں شریک ہوں گی ،جمعہ کو تین بجے پارلیمنٹ ہاوس کے
سامنے یوم حجاب ریلی اور جلسہ ہوگا ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی ،علمائے کرام و خطبا اگلے جمعہ پر حجاب پر روشنی ڈالیں ۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا حجاب کے مسئلے پر جو کچھ بھارت میں ہورہا ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کا سیکولرازم کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے مودی کے آنے کے بعد کشمیر سمیت بھارت کے اندر مسلمانوں کی زندگی اجیرن کردی گئی ہے حیرت ہے انسانی حقوق کی دعوے دار تنظیمیں کیوں خاموش ہیں انگریز کے خلاف جدوجہد مسلمانوں نے کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ شاملی کے میدان میں مسلمانوں نے انگریز سے دوبدو لڑائی لڑی بھارت کے حکمران اپنی قبر کھود رہے ہیں ،مسکان بچی نے مردوں کو بھی شرمسار کردیا ہے اس کی جرات نے غنڈوں کو للکارکر واضح پیغام دے دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد جمعہ کو باحجاب خواتین کا بھرپور مظاہرہ ہوگا چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ریلیاں ہوں گی۔صحافی نے سوال پوچھا کہ مسکان نامی جرات مند لڑکی نے دوقومی نظریہ ایک بار پھر درست ثابت کردیا کیا دوقومی نظریہ کی مخالفت کرنے والے غلط ثابت نہیں ہوگئے ؟اس پر مولانا عبدالغفور حیدری نے جواب دینے کی بجائے کہا دوقومی نظریہ ایک لمبی بحث ہے اس پر پھر کبھی بات کریں گے۔