اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون کی ہلاکت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں خاتون کی ہلاکت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی اور پاکستان نے احتجاجی مراسلہ بھارتی حکام کے حوالے کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور خاتون کی ہلاکت قابل مذمت ہے، بھارتی فوج نے جولائی تا اگست 37 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی پر مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے لہٰذا بھارت امن کی بحالی کے لیے اقدامات کرے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی کے جندروب سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے 28 سالہ فریدہ بیگم کو زخمی کردیا تھا، فریدہ بیگم کو پیٹ میں کئی گولیاں لگی تھیں ، انہیں علاج کے لئے سی ایم ایچ راولپنڈی لایا گیا تھا تاہم جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔























