دوحہ(این این آئی)طالبان کا اعلی سطح کا ایک وفد عالمی اداروں اورحکومتوں کو افغانستان کوانسانی ہمدردی کی بنیاد پرامداد مہیا کرنے پرقائل کرنے کے لیے دوحہ پہنچا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق طالبان کی وزارت خارجہ نے ٹویٹرپربتایا کہ وزیر خارجہ امیرخان متقی کی
قیادت میں وفد دوحہ میں یورپی یونین کے وفد، سفارتی مشنوں اورخلیجی ممالک کے حکام سے ملاقات کرے گا۔دوحہ میں برطانوی حکومت کے ترجمان نے بتایاکہ برطانوی حکام افغان عوام کی مدد کے ہمارے عزم کو پورا کرنے کے لیے طالبان کے ساتھ عملی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ہم طالبان پرانسانی حقوق بالخصوص خواتین اورلڑکیوں کے حقوق کے بارے میں سنگین تشویش کا اظہارکرتے رہتے ہیں اورحال ہی میں 10 فروری کو برطانوی حکام کے کابل کے دورے پربھی طالبان سے اس ضمن میں بات چیت کی ہے۔طالبان حکام نے امدادکے حصول کے لیے گذشتہ ہفتے جنیوا میں امدادی گروپوں اورعالمی خیراتی اداروں سے بھی ملاقات کی تھی۔