لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور کے شہریوں کو ٹریفک چالان کی ادائیگی کیلئے بینکوں میں قطاروں میں نہیں لگنا پڑے گا اورآج ( پیر) سے آن لائن جرمانے وصول کئے جائیں گے، مینول وصولی کا سسٹم ختم کردیا گیا۔ٹریفک پولیس کا چالان جرمانہ وصولی کا سسٹم مزیدشفاف بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہری ای پے، جیز کیش، ایزی پیسہ، اے ٹی ایم سمیت دیگرآن لائن ایپس کے ذریعے جرمانے ادا کرسکیں گے
۔ڈی آئی جی شارق جمال کے مطابق آن لائن سسٹم سے شہری اپنا قیمتی وقت اور پیسے دونوں بچا سکیں گے، اگر کسی شہری کے پاس یہ سہولیات میسر نہ ہوں تو وہ کسی بھی بینک کی برانچ میں چالان جمع کرواسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ چالاننگ آفیسر مخصوص اپلیکیشن سے چالان کی ادائیگی کی تصدیق کرے گا، شہری چالان کی فوری ادائیگی کی صورت میں ضبط شدہ کاغذات چالاننگ آفیسر سے وصول کر سکیں گے۔