لاہور( این این آئی)محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بدعنوان سرکاری افسران کے خلاف کریک ڈائون کر کے 42 کروڑ روپے ریکور کرلئے،67 لاکھ کیش اور 25 کروڑ سے زائد بلاواسطہ ،16 کروڑ روپے مالیت کی 760 کنال سرکاری زمین واگزار کروائی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن گوہر نفیس کی زیر صدارت محکمہ کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا
جس میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے ریجنل ڈائریکٹرز سمیت ڈائریکٹر ایڈمن اور ڈائریکٹر لیگل نے شرکت کی۔ڈی جی اینٹی کرپشن نے اجلاس میں تمام ریجنل ڈائریکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس نے بد عنوان سرکاری ملازمین کے خلاف کریک ڈائون تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوںنے کہا کہ کرپشن ثابت ہونے پر افسران عدالت سے مجرم کی جائیداد قرق کرنے کی استدعا کریں، جائیداد قرق کرکے کرپشن سے کمایا گیا پیسہ سرکاری خزانے میں جمع کروایا جائے، سرکاری محکموں میں چھپی کالی بھیڑوں کے خلاف زیرو ٹالرینس ہے،کرپٹ اہلکار چاہے جس محکمہ سے ہو گا قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ انہوںنے بتایا کہ گزشتہ ماہ جنوری میں سرکاری ملازمین کے خلاف 1712 شکایات موصول ہوئیں، اینٹی کرپشن پنجاب نے 1886 شکایات کو حل کیا، رواں سال کے پہلے مہینے میں 262 شکایات پر کرپٹ افسران اور اہلکاروں کے خلاف تحقیقات شروع کی گئیں، 785 تحقیقات کو مکمل کرکے 115 افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے، اینٹی کرپشن پنجاب نے 11 چھاپے مارے اور 233 افراد کر گرفتار کیا، گزشتہ ماہ اینٹی کرپشن نے 110کرپٹ افسران کے خلاف عدالتوں میں چالان جمع کروائے، گزشتہ ماہ کے دوران27 اشتہاری ملزمان سمیت 3 عدالتی اشتہاریوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔