ڈیرہ اسماعیل خان(این این آئی)اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے مائنس ون کے لیے جدوجہد نہیں کی،ہم نے پورے نظام کو ختم کر کے از سر نو الیکشن کرانے کے لیے جدوجہد کی تھی۔وہ تقریب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی ایگزیکٹیو باڈی کے سابق
ممبر بریگڈئیر(ر) قیوم شیر نے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کی موجودگی میں جے یو آئی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا جس پر پی ڈی ایم کے سربراہ نے خوش آمدید کہا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست دان ایک دوسرے سے ملتے ہیں، یہ کوئی اچھنبے کی بات نہیں ہے۔ انہوں ںے کہا کہ شہباز شریف سے آصف زرداری اور بلاول کی ملاقات سیاستدانوں کی ملاقات ہے۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں جو بھی بات ہوئی انھوں نے مجھے ٹیلی فون پر آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہونے والی ملاقات پر مسلم لیگ ن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ بھی ہو چکی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 11 فروری کو پی ڈی ایم کے ہونے والے اجلاس میں ساری رپورٹس زیر غور آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ان کے ووٹ کی امانت واپس دلانے کے لیے ہماری جہدوجہد ضائع نہیں ہوئی۔امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہونے والی میٹنگ میں استعفے،عدم اعتماد اور اس کے ممکنہ اثرات پر غور و خوص کیا جائے گا، اب نتائج سمیٹنے کی طرف جا رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آ ہوا ہے لیکن معشت ان سے کنٹرول نہیں ہو رہی ہے۔