لاہور (آن لائن)رواں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مختلف اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا جس کے مطابق گھی تیار کرنے والی مختلف کمپنیوں نے درجہ اوّل کے گھی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا ہے۔ اس اضافے کے ساتھ درجہ اوّل گھی کا 16 کلو کا کاٹن 50 روپے اضافے کے ساتھ 6180 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ تھوک کی سطح پر گھی کی 3 روپے کلو اضافے کے ساتھ قیمت 388 روپے فی کلو جبکہ پرچون کی سطح پر
درجہ اوّل کا گھی 395 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں برائیلر مرغی کے گوشت کی اونچی اوڑان بھی جاری رہی جس کے نتیجے میں برائیلر مرغی کا گوشت 15 روپے فی کلو اضافے کے ساتھ ٹرپل سینچری مکمل کرتے ہوئے 302 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ گیا اس طرح فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی 2روپے فی درجن اضافہ دیکھنے میں آیا اور بازاروں میں انڈے 149 روپے فی درجن میں فروخت ہوتے رہے۔