ڈیرہ اسماعیل خان(این این آئی)الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق ورزی پر جمعیت علمائے اسلام کے سٹی میئر کے امیدوار پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا، اور جے یو آئی کو جلسے اور ریلی سے بھی روک دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نے شہر میں جمعیت علمائے اسلام کو ریلی اور جلسے سے روک دیا ہے،
ڈپٹی کمشنر نیجے یو آئی کی جلسہ کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی خان میں 13 فروری کو بلدیاتی انتخاب شیڈول ہے، ریلی اور جلسہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں، الیکشن کمیشن کے احکامات کے تحت جلسہ اور ریلی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔جے یو آئی پیر کے روز ڈی آئی میں ریلی اور جلسہ کا انعقاد کرنا تھا، جس میں جے یو آئی امیر مولانا فضل الرحمن نے جلسہ عام سے خطاب کرنا تھا۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کو دعوت دینے والے جے یو آئی کے امیدوار سٹی میئر ڈیرہ اسماعیل خان کفیل نظامی کو نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ کفیل نظامی 5 فروری کو ڈی ایم او کے دفتر پیش ہوں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر سٹی تحصیل مئیر کے امیدوار کفیل احمد نظامی کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے بھائی اور سرکاری افسر ضیاالرحمان کو بھی نوٹس جاری کررکھا ہے اور انہیں بھی ڈی آئی خان کے ضلعی دفتر میں 5 فروری کو طلب کیا ہے۔ انہیں جے یو آئی امیدوار کفیل نظامی نے انتخابی مہم میں حصہ لینے کی دعوت دی تھی۔