مکوآنہ (این این آئی )فیصل آباد سمیت پنجاب کے اکثر اضلاع میں 12 سال سے زائد عمر کے طالب علموں کو کورونا ویکسین نہ لگوانے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ صحت نے سی او ہیلتھ سے سرکاری اور پرائیویٹ سکول میں طلبہ وطالبات کو ویکسین لگوانے کی رپورٹ طلب کر لی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ ملک غلام فرید کی طرف سے جاری ہونیوالے مراسلہ میں صوبہ بھر کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کو کہا گیا ہے کہ وہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ پنجاب کے اکثر اضلاع میں 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ وطالبات کو کورونا سے بچائو کی دونوں ڈوز نہ لگوائی جا سکی ہیں اور بعض علاقوں میں کورونا سے بچائو کی ویکسی نیشن کا عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے جس کو تیز کرنے کی ضرورت ہے اور سرکاری اور پرائیویٹ سکولز میں زیر تعلیم 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کو فوری طور پر کورونا ویکسی نیشن کا عمل مکمل کر کے ان کی فہرست بھجوائی جائے اور آئندہ سکولز کے طلبہ وطالبات کو ویکسی نیشن کی رپورٹ نہ بھجوانے والے سی ای او ہیلتھ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔