گلگت (این این آئی)گلگت سے شندور ٹاپ کے راستے میں 3 فٹ برف نے میت کی منتقلی بھی مشکل بنا ڈالی، میت کو کہیں اٹھا کر تو کہیں کھینچ کر لے جایا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 فٹ تک برف موجود ہونے کے باعث شہریوں کو کاروبارِ زندگی چلانے میں مشکلات درپیش ہیں
تاہم وہیں میت منتقل کرنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا ہے۔برف کے باعث گلگت میں انتقال کرنے والے چترال کے شہری کی میت کو اْن کے اہلِ خانہ برفیلی زمین پر کہیں اٹھا کر تو کہیں رکھ کر کھینچتے نظر آئے۔متاثرہ خاندان نے بتایاکہ چترال کے شہری جو گلگت میں مزدوری کرتے تھے گزشتہ دنوں انتقال کر گئے تھے۔ٹھیکیداروں کو عدم ادائیگی کے باعث گلگت روڈ بھی بند ہے جس کی وجہ سے گلگت میں انتقال کرنے والے چترال کے شہری کی میت کو گلگت سے لنگار تک لایا گیا۔متاثرہ خاندان میت کو کہیں زمین پر تو کہیں اٹھا کر کھینچتا نظر آیا، اسی طرح تابوت سمیت تمام افراد نے شندور ٹاپ عبور کیا اور مرحوم کی میت کو ان کے آبائی علاقے لنگار سے لاسپور پہنچایا گیا۔خیال رہے کہ گلگت اور چترال کے درمیان گزشتہ دنوں ہونے والی شدید برف باری کے باعث راستے میں 3 فٹ برف موجود ہے۔