کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت کی جانب سے گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی(ایف ای ڈی) 2.5 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد تک کیے جانے کے بعد کِیا لکی موٹرز اور ہنڈا نے اپنی متعدد گاڑیوں کی قیمتوں میں
اضافہ کردیا ہے۔ہنڈا کے ایک ڈیلرنے بتایاکہ ہنڈا گاڑیوں کی نئی قیمتوں کا اطلاق 21 جنوری سے ہوچکا ہے۔ نئی قیمتوں کا طلاق 21 جنوری سے پہلے کیے گئے تمام جزوی اور مکمل ادائیگی کے آرڈرز پر بھی لاگو ہوگا جبکہ کِیا کمپنی نے نئی قیمتوں کا اطلاق 16 جنوری سے کردیا ہے۔ہنڈا اور کِیا کمپنی نے قیمتوں میں کم ازکم 77 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ 1 لاکھ 42 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن آف پاکستان موٹرسائیکل اسمبلرز(اے پی ایم اے)کے چیئرپرسن محمد صابر شیخ نے کہا کہ کمپنیوں نے منی بجٹ میں حکومت کی جانب سے ٹیکسوں میں اضافے کے باعث گاڑیوں کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہنڈا نے ہنڈا سوک اور سٹی کے 4 ہزار 404 یونٹس فروخت کیے، جو ماہانہ بنیاد پر 59 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔ ہنڈا بی آر وی کی فروخت بھی دسمبر میں 27 فیصد سے بڑھ کر 303 یونٹس ہوگئی۔