اسلام آباد(این این آئی)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ محمد رضوان نے جیت لیا ۔تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی تاریخ میں بے شمار ریکارڈز حاصل کرنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر وکٹ کیپر محمد رضوان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ۔آئی سی سی نے ٹی ٹوینٹی کے کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں
پاکستان کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، آسٹریلیا کے مچل مارش، انگلینڈ کے جوز بٹلر اور سری لنکا کے ہسا رنگا سمیت 4 کھلاڑیوں کو نامزد کیا تھا تاہم گزشتہ برس اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت محمدرضوان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئرکاایوارڈ جیت لیا۔2021 میں محمد رضوان نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف پاکستانی ٹیم کو کامیابیوں سے ہمکنار کیا بلکہ متعدد ریکارڈ بھی اپنے نام کئے، انہوں نے ایک سال میں انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہزار سے زائد اور مجموعی طور پر مختصر طرز کے میچز میں 2 ہزار رنز بنانے کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کیا۔کئی ریکارڈ پاش پاش کرنے والے پاکستانی بلے باز نے رواں سال صرف 29 میچز میں 73 اعشاریہ 66 کی اوسط سے 1326 رنز بنائے جبکہ مخالف ٹیموں کے 24 کھلاڑیوں کو اپنی بہترین وکٹ کیپنگ کی بدولت پویلین واپس بھیجا، انہوں نے اس سال 42 چھکے اور 119 چوکے لگا کر نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بلے باز مارٹن گپٹل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔محمد رضوان کا اس حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ ڈبل خوشی اس بات کی ہے کہ اس بار یہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے، دنیا کی ٹاپ ٹیمز میں پاکستان کا نام آنا خوشی کی بات ہے۔قومی وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ ایوارڈ کاکریڈیٹ ٹیم مینجمنٹ، ساتھی کرکٹرز اور میرے کھیل کا جائزہ لینے والوں کو بھی جاتا ہے، سب کی محنت کی وجہ سے آج دنیا بھر میں پاکستان ٹیم کا نام ہے۔