اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف کے خلاف ن لیگ میں بغاوت کے دعوے کئے جا رہے ہیں، یہ دعوے تحریک انصاف کے وزراء کی طرف سے ہو رہے ہیں، وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگرنون لیگ
شریف فیملی سے خودکو علیحدہ ہ کرتی ہے تو یہ مثبت پیشرفت ہوگی۔ سماجی رابطو ں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ اگر نون لیگ شریف فیملی سے خود کو علیحدہ کرتی ہے تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہو گی۔ سیاسی جماعتوں کو اخلاقی اور مالی کرپشن کا شکار قیادت کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ نواز شریف ہر مشکل وقت میں کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر لندن فرار ہو گئے ایسے لیڈر کی عزت نہیں رہتی۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنا چاہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں انتخابی اصلاحات، عدالت اور احتساب کے نظام میں اصلاحات آئیں یہ اپوزیشن کے بغیر ممکن نہیں۔لیکن نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپٹ قیادت اپنے مقدمات میں ریلیف کے علاوہ کسی اور موضوع پر گفتگو نہیں کرنا چاہتی۔ ان کا کہنا تھا کہ چار لیگی رہنما نواز شریف کو ہٹا کر خود قیادت سنبھالنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ چاروں کسی سے ملنے گئے تو کہا کہ نواز شریف نے ملک کے ساتھ برا کیا، آپ ہمیں کیوں نہیں سوچتے۔ انہوں نے چاروں لیگی رہنماؤں کا نام بتانے سے گریز کیا۔