کویت سٹی(این این آئی)دنیا میں تیل پیداکرنے والے سرکردہ ممالک نے کویتی تیل کے اعلی منتظم ہیثم الغیص کو پیٹرولیم برآمد کنندگان ممالک کی تنظیم (اوپیک)کا نیاسیکریٹری جنرل منتخب کرلیا ہے۔ہیثم الغیص 2017 سے جون2021 تک کویت کے اوپیک گورنر رہے تھے۔
اس وقت وہ کویت پیٹرولیم کارپوریشن (کے پی سی)کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اوپیک نے ایک بیان میں کہا کہ تنظیم کے اجلاس میں کویت کے مسٹرہیثم الغیص کو تین سال کی مدت کے لیے سیکرٹری جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وہ یکم اگست 2022 کواپنا عہدہ سنبھالیں گے۔وہ کے پی سی سے قبل بیجنگ اور لندن میں اپنی فرم کے دفاتر کی سربراہی کرچکے تھے۔انھوں نے ریسرچ مینجمنٹ کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں اور تیل کی صنعت میں ان کا 30 سال کا تجربہ ہے۔ الغیص نے اوپیک میں تیل کی پیداوار کی نگرانی کی ذمہ دار مشترکہ تکنیکی کمیٹی کی صدارت بھی کی اور2020 میں انٹرنل آڈٹ کمیٹی کے چیئرمین رہے تھے۔سعودی وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے تنظیم کے نئے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے ہیثم الغیص کے انتخاب کاخیرمقدم کیا ہے اور انھیں مبارک بادپیش کی ہے۔